عمران گریبان میں جھانکیں، نیب اور عدالت نے کچھ نہ کیا تو عوام زرداری کا احتساب کرینگے، عمرانی معاہدہ کرنا ہوگا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز جھنگ کے قریب حویلی بہادر شاہ میں 1263میگاواٹ کے پنجاب گیس پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب گیس پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی انتھک محنت اور دن رات کی کاوشوں کے باعث ملک سے ہمیشہ کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ ہم نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کو ہمیشہ کیلئے بھگا دیا ہے اوراب لوڈ شیڈنگ کبھی پاکستان لوٹ کر نہیں آئیگی۔ پنجاب حکومت 1263میگاوا ٹ کا ایک اور گیس پاور پلانٹ لگا رہی ہے اوریہ منصوبہ پہلے لگائے گئے منصوبوں سے 10 ارب روپے کم لاگت میں لگایا جارہا ہے۔ 2015ء میں اس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا۔ جس میں میںنے اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ منصوبے لگانے کی تجویز دی۔ حکومت نے تاریخی کارنامہ کردکھایا۔ توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل سے جس محنت اورعزم کے ساتھ کام کیاگیا ہے اس کی تا ریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کی حکومت کے بھی شکر گرزار ہیں جنہوںنے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہماری بھرپور مدد کی۔ ہمیں چین کے تعاون کو کبھی نہیں بھولنا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا ڈرامائی باتیں کرتا رہتا ہے اورہیجانی کیفیت بھی پیدا کرتا ہے لیکن میڈیا کو عوام کے سامنے حقائق اورسچی باتیں بھی رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام سے کہتا ہوں کہ اگر منصوبے منصوبوں میں کرپشن ثابت ہوئی تو مجھے کبھی معاف نہ کرنا۔ میرے تمام ادوار حکومت میں اگر حکومتی سطح پر میرے خلاف ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے توعوام کا ہاتھ اورمیرا گریبان ہوگا۔ اگر میرے خلاف کسی بھی منصوبے میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے آجائے تواگر میں زندہ نہ رہا تو مجھے قبر سے میری لاش نکال کر کھمبے پر لٹکا دینا۔ انہوں نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ میں بدترین ڈاکہ زنی ہوئی، یہ منصوبہ تین سال تک کراچی کی بندرگاہ پر گلتا رہا۔ سپریم کورٹ کے جج کا فیصلہ تھا کہ بابر اعوان نے اس میں خیانت کی۔ آج احتساب کی بات ہوتی ہے۔ پہلے یہ لوگ اپنے گریبانوں میں جھانکیں اورپھر بات کریں ۔رینٹل پاور پراجیکٹ میں بھی غریب قوم کا پیسہ لوٹا گیا۔زرداری صاحب نے غریب قوم کے 60ملین ڈالر لوٹ کر سوئس بینکوں میں رکھوائے اورسرے محل خریدا۔کون اس کا حساب لے گا؟ اگر یہ 60ملین ڈالر غریب قوم کے لوٹے نہ جاتے تو ان پیسوں سے غریب عوام کو تعلیم اورصحت کی سہولیات مل رہی ہوتیں زرداری صاحب سن لیں یہ قوم احتساب کرے گی، اگرعدالت اورنیب نے کچھ نہ کیا تو عوام کی عدالت احتساب ضرور کرے گی۔بابر اعوان کو عدالت عظمی نے نندی پور منصوبے میں کرپشن کا ذمہ دار ٹھہرایا،ان سے کون حساب لے گا؟ انہوںنے کہاکہ بابراعوان آج کل ٹی وی پر بیٹھ کر قرآنی آیات پڑھتے ہیں اورکرپشن کے خلاف بھاشن دیتے ہیں۔ انہیں بھی نندی پور کے منصوبے میں ڈاکہ زنی کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی گلا پھاڑ پھاڑ کر کرپشن کیخلاف باتیں کررہے ہیں اوراحتساب کاواویلہ کررہے ہیں لیکن انہیں اپنے دائیں بائیں کھڑے ان لوگوں پر بھی نظر ڈالنی چاہیے جنہوںنے اس غریب قوم کا خون نچوڑا،قرضے معاف کرا کے جہاز خریدے جن میں نیازی صاحب سفر کرتے ہیں ۔ انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اورپھر کرپشن کیخلاف بات کرنی چاہیے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء کائرہ صاحب نے کہا کہ شہبازشریف نے چھ ماہ میں توانائی بحران کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ پورانہیں کرسکے،اس لئے استعفیٰ دیں۔ میں نے واضح کیا کہ میں خوب سے خوب تر پر یقین رکھتا ہوں اورہماری حکومت نے ہی دن رات محنت کر کے ملک سے بجلی کے اندھیرے مٹائے ہیں۔ ہمارا احتساب شوق سے کریں لیکن اپنے گریبانوں میںبھی ضرور جھانکیں۔ اگر بلاامتیاز احتساب نہ ہوا تو خدانخواستہ ایسا خونی انقلاب آسکتا ہے جوہرچیز خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔خدارا ہوش کے ناخن لیں ،اگر پاکستان کو قائدؒ واقبالؒ کا پاکستان بنانا ہے تو سیاستدانوں، ججز، جرنیلز، انتظامیہ اورتمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر نیاعمرانی معاہدہ تحریر کرنا ہوگا۔ 21کروڑ عوام کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ اگر مجھ میں کوئی خرابی نکلی تو معاف نہ کرنا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اعلی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد انسانی حقوق کی قدرواہمیت کا اجاگر کرنا ہے۔پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺنے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے۔ اسلام سماجی انصاف اور امن کی اعلیٰ اقدار کو سربلند رکھنے کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے اورمساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اپنا وجود کھو بیٹھتے ہیں۔