2 سال تک لودھراں او ر جنوبی پنجاب کے کرکٹ ٹیلنٹ سامنے آ ئیگا: انضمام الحق
لودھراں (نامہ نگار) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے گزشتہ روز ایل ایم ایس کرکٹ لیگ جنوبی پنجاب کے ڈائریکٹر علی خان ترین کی خصوصی دعوت پر لودھراں کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انضمام الحق اور مشتاق احمد نے علی ترین کے ہمراہ ایل ایم ایس کرکٹ لیگ کا میچ دیکھا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ میچ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ علی ترین کا جنوبی پنجاب میں کلب کرکٹ کی شروعات زبردست اقدام ہے۔ ایک سے دو سال میں لودھراں اور جنوبی پنجاب سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور اس خطے سے کھلاڑی ڈومیسٹک کے ساتھ ساتھ ملکی لیول پر بھی کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔ ایل ایم ایس کے آغاز سے کلب کرکٹ مضبوط ہوگی کیونکہ ہمیں کلب کرکٹ کی بہت ضرورت ہے۔ پہلے ہماری کلب کرکٹ مضبوط تھی تو پاکستان کی قومی ٹیم بھی مضبوط تھی۔کھلاڑیوں کی کرکٹ کی بنیاد بہتر ملے گی تو وہ انٹرنیشنل اور نیشنل لیول پر بہتر سے بہترکرکٹ کھیلیں گے۔کھلاڑیوں کی بنیاد جو کہ کلب کرکٹ ہے اس پر کام شروع ہوگیا ہے۔ انضمام الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کوشش کر رہا ہے کہ ہماری کلب کرکٹ مزید بہتر ہو اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ شارٹ فارمیٹ اور کلب کے ساتھ ساتھ پانچ روزہ کرکٹ بھی ضلع ڈویژن اور ریجنل لیول پر شروع ہو۔ ہم پوری کوشش کرتے ہیں کہ پاکستانی قوم ٹیم میں میرٹ پر کھلاڑیوں کی سلیکشن کریں۔ ٹی10نیا فارمیٹ ہے اچھا فارمیٹ ہے۔کرکٹ پہلے سے زیادہ تیز ہوگی مجھے پورا یقین ہے کہ ہماری قومی ٹیم نیوزی لینڈ دورے پر بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ علی خان ترین کی جانب سے شروع کی جانے والی ایل ایم ایس زبردست اقدام ہے۔ اس موقع پر علی خان ترین نے کہا کہ ہم نے لودھراں میں ایل ایم ایس کرکٹ لیگ کا آغا زکیا ہے انشاء اللہ اگلے چند مہنیوں میں ہم ایل ایم ایس کو ملتان، وہاڑی، بہاولپور، خانیوال، رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع میں بھی شروع کرینگے جنوبی پنجاب سے ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔ انضمام الحق اور مشتاق احمد نے علی خان ترین کی جانب سے لودھراں میں قائم ترین سپورٹس اکیڈمی کا دورہ کیا۔