ظفر حجازی کی مقدمہ خارج کرنیکی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی گئی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں گرفتار سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی مقدمہ خارج کرنے کے لئے دائر کردہ درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی ہے۔ چودھری شوگر ملز ریکارڈ ٹمپرنگ کیس کے ملزم و سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی تھی۔ ظفرحجازی کی جانب نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق اور قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے ان کی درخواست مسترد کی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ مقدمہ بے بنیاد ہونے کی بنا پر اسے خارج کیا جائے، درخواست میں وفاق پاکستان اور اسپیشل جج سینٹرل کو فریق بنایا گیا تھا۔ ہفتہ کو ظفر حجازی کی جانب سے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراضات لگائے ہیں کہ درخواست کے صفحات غیر واضح ہیں، لکھائی پڑھنے کے قابل نہیں، عدالتی زبان کا استعمال نہیں کیا گیا اور وجوہات ناقابل فہم ہیں۔ درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی گئی ہے۔
ظفر حجازی