حکومت ترسیلات میں اضافے کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولیات دے:خاور رشید
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید ، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات یقینی بنائے کیونکہ وہ اپنی ترسیلات کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافہ خوش آئند ہے، ان ترسیلات کو پیداواری شعبوں میں استعمال کرکے معیشت کو تیزی سے ترقی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرے تو آئندہ چند سالوں میں ترسیلات کا حجم 40ارب ڈالر سے تجاوز کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو توانائی، زراعت، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اْن رکاوٹوں کا جلد از جلد خاتمہ کرے جو ترسیلات کے فروغ کی راہ میں آڑے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے مگر یہ رکاوٹیں انہیں دو رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت حوالہ سسٹم کی حوصلہ شکنی کرے کیونکہ اس غیرقانونی ذریعے سے اربوں ڈالر بھجوائے جارہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت جب ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافہ معیشت کو تقویت دے گا، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے ،روپے کی قدر مستحکم ہوگی اور غیرملکی قرضوں پر انحصار کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہے لہذا حکومت ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پالیسیاں مزید بہتر بنائے گی جس سے بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافہ ہوگا۔