لاہور‘اے سی سی اے کا کیریئرز جاب بورڈ کا اجراء
کراچی(کامرس رپورٹر) ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹنٹس (اے سی سی اے) نے اداروں کی معاونت کیلئے قابل اکائونٹنٹس کے انتہائی باصلاحیت پول تک رسائی دیتے ہوئے لاہور میں اے سی سی اے کیریئرز جاب بورڈ کا اجراء کر دیا۔ اے سی سی اے کیریئرز جاب بورڈ ادارے کا آفیشل ریکروٹمنٹ پورٹل ہے اور یہ حقیقی بین الاقوامی جاب بورڈ اداروں کو اے سی سی اے کے عالمی نیٹ ورک سے بھرتیوں کے قابل بناتا ہے اور شراکت داروں کو ایک محفوظ سائیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں کرداروں کیلئے درخواست دینے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ ایک اہم راستہ ہے کہ جہاں ہم کوالیفائیڈ اور کوالیفائنگ اکائونٹنٹس اور فنانس پروفیشنلز کے انتہائی مہارت یافتہ پول تک رسائی میں اداروں کی مدد کرتے ہیں۔اس طرح وہ اپنے اداروں کو عالمی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت کے لئے ٹیلنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔اپریل 2017ء سے اے سی سی اے کیریئر ملازمت بورڈ پر 10 لاکھ سے زائد ملازمتیں پوسٹ کی گئیں، اس طرح ہر 16 سیکنڈ میں ایک جاب پوسٹ کی گئی۔ اس وقت سائیٹ پر 15 لاکھ سے زائد ملازمتیں موجود ہیں۔ ایونٹ ایک پینل مباحثہ پر مشتمل تھا جس میں ’’تبدیلی کے رجحانات اور مستقبل کی مہارتوں‘‘ پر اے سی سی اے کی رپورٹ پر غور کیا گیا۔ ایونٹ میں حاضرین کو مستقبل کے پیشہ، پیشہ کی ضرورت اور مہارتوں میں گہری بصیرت فراہم کی جو ڈیمانڈز اور چیلنجز پر پورا اترنے کے لئے درکار ہوں گی۔لاہور میں ہونے والے سیشن کے مقررین میں ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ اے سی سی اے ٹم ماہنے، Rozee کے سی ای او مونس رحمان، ایشورنس ۔ ارنسٹ اینڈ ینگ پاکستان کے پارٹنر عبدالفہد، ہیومن کیپیٹل سلوشنز کی ریجنل ڈائریکٹر فاطمہ اسد سید اور یوفون کے جنرل منیجر انٹرنل آڈٹ شاہد رضوی شامل تھے۔ پی بی آئی ٹی کے سی ای او جہانزیب بورانا مہمان خصوصی اور کلیدی مقرر تھے۔ فاطمہ اسد نے اس موقع پر کہا کہ اب تنوع ایک کاروباری ضرورت ہے اور بہت سی کمپنیاں اب بھی اس کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو کارگر بنانے کے لئے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ فاطمہ اسد نے کہا کہ تنوع ذہنی اختراع ہے اور عملی جامہ پہنانے کے لئے درکار عمل سے پہلے اس کی نمو ہوتی ہے۔ Rozee کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس رحمان نے کہا کہ بقاء اور کامیابی کے لئے آج نئی ٹیکنالوجیز کو سمجھنا ضروری ہے۔ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شفاف ڈیجیٹل روابط ایک بنیادی ضروری تقاضا ہے اور اس وجہ سے کاروبار کے لئے ایک جرات مندانہ وژن کی تشکیل کی ضرورت ہوتی ہے جو ایسی ڈیجیٹائزیشن ہو جہاں صارف کے لئے سب سے زیادہ قدر شامل ہو۔یوفون کے جنرل منیجر انٹرنل آڈٹ شاہد رضوی نے کہا کہ صحیح ملازمت کیلئے درست امیدوار کا انتخاب ہر ادارے کے لئے ایک بڑا کام ہوتا ہے۔ اے سی سی اے کا کیریئر جاب بورڈ ہمیں دنیا بھر میں مختلف کرداروں، شعبوں، سطحوں اور مقامات پر تربیت یافتہ اور قابلیت کے حامل پیشہ ور ماہرین تک خصوصی رسائی فراہم کرتا ہے۔اے سی سی اے کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ ٹم ماہنے نے کہا کہ یہ 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد طلبائ، اے سی سی اے سے ملحقہ افراد اور ممبران تک منفرد رسائی فراہم کرتا ہے۔ کوئی دوسری سائیٹ عالمی سطح پر اس طرح کے ایک بڑے پول تک ایسی غیر جانبدار رسائی کادعویٰ نہیں کر سکتی۔ یہ اے سی سی اے کے طلباء اور اس سے ملحقہ افراد کو ملازمت کی فراہمی میں مشورے اور متعلقہ کام کے تجربہ اور ملازمت تک رسائی کے ذریعے رکنیت میں مدد کرتی ہے ۔ یہ ہمارے اراکین کو اگلے کردار کی تلاش میں بھی معاون ہے جو ان کے کیریئر کو بڑھانے اور عالمی نقل مکانی میں اضافہ کرے گی۔ جاب بورڈ تک رسائی jobs.accaglobal.com پر کی جا سکتی ہے۔