پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے ایرانی سفیر
اسلام آبا( کامرس ڈیسک ) ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان ایران دو طرفہ تجارت میںگزشتہ سال 2016 کے دوران 31 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ اسلامی ممالک کی تاجر برادریوں کے دوطرفہ رابطوں میں کمی کے باعث باہمی تجارت کے دستیاب مواقع سے پوری طرح استفادہ نہیں کیا جا رہا تاہم اس میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلوں سے باہمی تجارت میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ مہدی ہنر نے کہا کہ خطے کے ممالک باہمی روابط کے فروغ سے دہشتگردی، انسانی اور منشیات کی سمگلنگ جیسے مشترک مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے دوطرفہ رابطوں میں اضافہ کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے جبکہ کاروباری آسانیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔