دفاع پاکستان کونسل کا تحفظ بیت المقدس مارچ آج ہوگا
کراچی (خصوصی رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے تحت تحفظ بیت المقدس مارچ آج 10 دسمبر کو ہوگا۔ دوپہر ایک بجے سفاری پارک سے شروع ہونے والے مارچ کے اختتام پر اسلامیہ کالج کے سامنے بڑا جلسہ ہوگا، جس سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔ تحفظ بیت المقدس مارچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ تشہیری مہم کے آخری روز شہر میں خصوصی طور پر تیار کی گئی گاڑیوں کا گشت جاری رہا، جس کے ذریعے لوگوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جاتی رہی۔ مارچ کی سیکورٹی کے لیے جماعۃ الدعوۃ کے سیکڑوں رضاکار خدمات سرانجام دیں گے۔ تمام شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد جلسہ گاہ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ دوسری جانب ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے ضلعی ذمے داران و انتظامی کمیٹیوں کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا ۔