آصف زرداری کی سیاست کو سمجھنے کیلئے پی ایچ ڈی کرنی پڑے گی‘ ترجمان بلاول ہائوس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلاول ہائوس میڈیا سیل کے انچارج نے نون لیگ کے خواجہ سعد رفیق اور دیگر وزراء کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری کی سیاست سمجھنے کیلئے پی ایچ ڈی کرنا پڑے گی‘ نون لیگ کے وزراء تو سیاسی طور پر میٹرک پاس بھی نہیں‘ نون لیگ نے ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر کنگال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور عمران جیسے کٹھ پتلی سیاسی اداکاروں نے سیاست کو تماشہ بنا دیا ہے پیپلز پارٹی ہی قائداعظم کے نظریات کی اصل وارث ہے اور رہے گی‘ نواز لیگی وزراء ڈگڈگی بجانے کے بجائے جمہوریت کیلئے آصف زرداری کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری پاکستانی کی شان ہیں‘ اسلام آباد کے عظیم الشان جلسے کے بعد مخالفین کو سردی لگ گئی ہے‘ نون لیگی وزراء کیلئے اب بہتر ہے کہ وہ کمبل اوڑھ کر سو جائیں‘ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے اس کی گواہ ملک کی تین نسلیں ہیں۔