وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان احتجاج کی کال واپس لیں تو مذاکرات کا سلسلہ بھی دوبارہ وہیں سے بحال ہو جائے گا جہاں ختم ہوا تھا
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے حکومت سے جس وقت مذاکرات معطل کئے تھے، اس وقت وہ کنٹینر پر تھے۔ ہم انھیں ایک مرتبہ پھر گلے لگانے کو تیار ہیں لیکن اس سے پہلے وہ احتجاج کی کال واپس لے کر دوبارہ کنٹینر پر آ جائیں۔پرویز رشید نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اسی وقت ہو سکتی ہے جب کمیشن میں شامل ججز کو یہ یقین ہو گا کہ تحقیقات کے دوران عمران خان انہیں گالم گلوچ اور برے الفاظ سے نہیں پکاریں گے۔ ان کے فیصلوں کو تمام لوگ تسلیم کریں گے۔ اس سے قبل انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے سے خطے میں امن پیدا ہو گا،،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنا چاہیے۔۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر پوری دنیا کے انسانوں کو حق خود ارادیت دیتا ہے،بھارت اپنے قومی رہنما جواہر لال نہرو کا وعدہ پورا کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے