محرم الحرام کے دوران کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے بھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے:عثمان بزدار
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا- وزیر اعلی عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا - اجلاس میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا-
وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کا حکم دیا- اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق موثر کارروائی کیلئے جامع میکنزم بنایا جائے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں - مذہبی منافرت پھیلانے والے لٹریچر کو ضبط کر کے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے- لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے-
مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات پیشگی مکمل کئے جائیں -مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات ختم کی جائیں - انتہائی حساس مقامات پر پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے-اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا- کسی کو بھی مذہبی دل آزاری کی اجازت نہیں دی جا سکتی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے بھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے-
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ہر ڈویژن ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے- مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے اتفاق او ربھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے - عوامی نمائندے بھی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں -صوبائی وزراء کو بھی محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی-
اتحاد بین المسلمین کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے گا- میں خود بھی مختلف شہروں میں جاکر سیکورٹی ا نتظامات کا جائزہ لوں گا-اجلاس میں اتھارٹی کی کارکردگی کے بارے میں بھی وزیر اعلی کو بریفنگ دی گئی - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں واسا کے عملے کو بھی تعینات کیا جائے- شہر کے نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کی نکاسی کے عمل کو مزید سٹریم لائن کیا جائے-
ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے بھی ضروری اقدامات فی الفور اٹھائے جائیں -ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی -اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد تیمور خان بھٹی، ہاشم ڈوگر،انصر مجید خان نیازی، فیاض الحسن چوہان،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سول و عسکری اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی-