پاکستان کی ترقی کا سفر تحقیق کو اپنانے میں مضمر ہے:وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر
اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکرنے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر تحقیق کو اپنانے میں مضمر ہے ، دنیا بھر مٰیں ترقی تحقیق کی مرہون منت ہے اورہمیں ملک میں تحقیق کا رواج ڈالنا ہوگا تاکہ ہم بھی ترقی یافتہ اقوام میں کھڑے ہوسکیں، پاکستان کوہر شعبے میں تحقیق کو بھر پور فروغ دے کر بنیادی مسائل کا حل تلاش کرنے کے ساتھ ملک کو درپیش چینلجز سے نمٹنے کے لئے یونیورسٹیوں سے رہنمائی لینی چاہیے تاہم یونیورسٹیوں مٰیں تحقیق پر وسائل کا استعمال بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ٹوارزم اور شعبہ معاشیات نے تحقیق کے جدید رجحانات کے موضوع پہ ایک آن لائن سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے سو سے زائد شرکاء نے تحقیق کےطریقہ ہائے کار، افادیت اور پیشہ ورانہ زندگی میں اس کے کامیاب استعمال پہ بحث کی۔
سیمینار کی صدارات شعبہ ٹوارزم اور اکنامکس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق احمد نے کی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر سیمینارکے سرپرست اعلی تھے۔
سیمینار کے مقاصد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ اس سیمینار کا مقصد ایک آزادانہ اور پیشہ وارانہ ماحول میں آن لائن سسٹم کے ذریعے تحقیق کے نت نئے رجحانات کو زیر بحث لانا اور شرکاء کو اس بات کی ترغیب دینا ہے کہ وہ پاکستان کو درپیش مختلف معاشرتی اور معاشی مسائل کو حل کرنے کے لیے جدید تحقیق کو سیکھیں اور عملی زندگی میں اس سے استفادہ حاصل کریں۔
سیمینار کے شرکاء میں اساتذہ، طلباء اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پیشہ وارانہ افراد موجود تھے، اس موقع پر تحقیق کی اہمیت اور اثریت کو وسیع پیمانے تک پھیلانے کی راہ میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے متعلق اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔