چمن: مال روڈ پر دھماکے میں 10 افراد زخمی اور چار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
سول اسپتال چمن میں جگہ کم پڑنے کے سبب شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اور اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس اور لیویز فورس نے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اورمشکوک افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
نجی نیوز کے مطابق چمن کا علاقہ مال روڈ کافی گنجان آباد ہے اور عام دنوں میں یہاں کافی گہما گہمی ہوتی ہے۔
اس علاقے میں اسپیشل برانچ کا دفتر بھی ہے۔ دھماکے سے نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ اسپتال میں زخمیوں کا کافی رش ہے۔
پولیس نے جائے حادثہ کو کور کر لیا ہے ہے اور عام افراد کو وہاں جانے کی اجازت نہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکا ہے اور ثبوت و شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی مذمت کی ہے اور جانی نقصان پر اظہار افسوس بھی کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی چمن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا۔ دھماکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ہے۔ ہم شرپسند عناصر کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔