عوام جلد فائدہ اٹھائینگے، حبیب الرحمن گیلانی
کراچی (خبر نگار)چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی کراچی پہنچ گئے اور انہوں نے یہاں کے سی آر بحالی منصوبہ کے متعلق ایک اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ڈی ایس کراچی ریلویز ارشد سلام خٹک، پی ڈی کے سی آر امیر محمد داودپوتہ، ڈپٹی ڈی ایس فرید احمد اور کے سی آر بحالی منصوبے سے منسلک انجنیئرز موجود تھے۔۔چیئرمین ریلویز نے سٹی سے ڈرگ روڈ تک تمام اسٹیشنوں اور لیول کراسنگ (پھاٹکوں) جن میں بلدیہ، سائٹ، اورنگی، شاہ لطیف، ناظم آباد، گیلانی اور اردو کالیج شامل ہیں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ریلویز کے کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے کام کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ کراچی کے لوگ بہت جلد اس منصوبے کی بحالی سے فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے سائٹ ایریا میں صنعتی فضلہ کے سی آر ٹریک پر خارج ہونے پرتشویش کا اظہار کیا۔ ڈی ایس کراچی نے انہیں کہا کہ اس معاملے پر سندھ حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے اور یہ جلد حل ہو جائیگا۔ ناظم آباد میں کے سی آر پر گرین لائن کی کراسنگ ہونے پر چیئرمین ریلویز نے کہا کہ متعلقہ حلقوں سے رابطہ کر کے جلد از جلد اوورہیڈ اور انڈر پاس کا معاملہ حل کروایا جائے۔ پی ڈی کے سی آر نے انہیں بتایا کہ اس معاملے پر سندھ حکومت سے متعدد میٹنگ ہو چکی ہیں اور سندھ حکومت نے اس کام کے لئے اس سال کے بجٹ میں 3ارب روپے رکھے ہیں۔