وفاقی حکومت بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی: عمر ایوب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیربرائے توانائی عمر ایوب نے صنعت کاروں کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی۔اتوار کو وفاقی وزیر عمر ایوب سے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر کی سربراہی میں9رکنی وفد نے ملاقات کی، صنعت کاروں کے وفد میں زبیر چھایا، خالد تواب، زبیر موتی والا اور جاوید بلوانی سمیت ودیگر شامل تھے۔ ملاقات میں سی ای او کیالیکٹرک اور ایم ڈی ایس ایس جی سی بھی موجود تھے۔صنعت کاروں نے بجلی اور گیس بندش سے صنعتوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر عمر ایوب نے بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ خاتمے سمیت تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔اس اہم بیٹھک کے دوران کاروباری حضرات نے اپنے تمام تر تحفظات سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر نے تمام مسائل کو بغور سننے کے بعد حل کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر دیگر اہم پہلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل کی صدارت میں حیسکو اور سیپکو کے اضلاع میں بجلی کی صورتحال کے سلسلہ میں گورنرہاس میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی وزیر اعظم شہزاد قاسم نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اراکین اسمبلی نند کمار ، شہریار خان مہر، سردار رحیم ،متحدہ قومی موومنٹ کے ندیم صدیقی اور پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، اسلم ابڑو ، آغا تیمور ، جے پرکاش ، گورنرسندھ کے مشیر علی جونیجوکے علاوہ حیسکو کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر زاہد مغل اور سیپکو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد سلیم بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں بجلی کی صورتحال ،بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی،اس میں بہتری اور اس ضمن وفاقی حکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور بجلی کی فراہمی سے متعلق منتخب نمائندوں کی شکایات کا فوری ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہوگا اس ضمن میں جلد وفاقی وزیر توانائی کے ساتھ حیسکو اور سیپکو کے اضلاع کا دورہ کروں گا اس اجلاس کا مقصد منتخب نمائندوں اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل حل کرنا ہے۔وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ ان دونوں کمپنیوں کے اضلاع میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال نہایت ابتر ہے کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور خراب ٹرانسفارمرز اور بجلی کے تاروں کے بار بار ٹوٹنے کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔