دامن صاف ، ڈرنے کی ضرورت نہیں، نیب 10بار بلائے جائوں گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شادمان مارکیٹ پارک لاہور میں پودا لگا کر صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شادمان مارکیٹ پارک میں انجیر کا پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم کے افتتاح پر ٹائیگر فورس کے جوانوں اور عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ٹائیگر فورس ڈے پر پنجاب بھر میں 12لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں اور صوبہ بھر میں 522 تقریبات میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔ لاہور میں 51 مقامات پر ایک لاکھ 60 ہزار پودے لگائے۔ لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ کیلئے 154 کنال رقبے پر 62 اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ شادمان مارکیٹ پارک میں پودے لگانے کی جاپانی تکنیک میاواکی کے تحت جنگل بسایا جا رہا ہے۔ جنگل میں 9 ہزار سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں جو چند ماہ میں درخت بنیں گے۔ میاوا کی جدید ٹیکنالوجی ہے جس کے تحت لگائے گئے پودے عام پودے کی نسبت 10 گنا تیزی سے بڑھتے ہیں اور یہ پودے 40 گنا زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ درختوں کی دیکھ بھال کریں۔ وزیراعظم عمران خان کے 10ارب سونامی ٹری کا ہدف پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ٹائیگر فورس کے جوان اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں بھی بڑے رقبے پر نیا جنگل بسائیں گے۔ عوام، منتخب نمائندے اور نوجوان پودے لگائیں۔ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس پراجیکٹ کے تحت بھی 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس سے ماحول میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف شروع دن سے ہی منظم پراپیگنڈا چل رہا ہے اور اس پراپیگنڈے کا روزانہ جواب بھی دیتے ہیں۔ میں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے فرائض قواعد و ضوابط اور قانون کے مطابق سرانجام دیئے ہیں اور دے رہا ہوں۔ ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے اور رولز آف پروسیجر پر عملدرآمد کیا ہے۔ میں اس سے قبل بھی سپریم کورٹ، لاہور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور ایف آئی اے میں پیش ہو چکا ہوں اور اب نیب میں بھی پیش ہوں گا۔ ہمارا دامن صاف ہے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ایک بار نہیں 10 بار بھی نیب بلائے تو ہم جائیں گے۔جب ہمارا دامن صاف ہے تو پھر ڈر کیسا۔ کبھی غلط کام کیا ہے نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ پہلے فائل دیکھیں کیا اس میں وزیراعلیٰ آفس کا ذکر ہے۔ جس فائل کی آپ بات کر رہے ہیں، اس میں کہیں وزیراعلیٰ آفس کا تعلق نہیں۔ سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیئے۔ ریکارڈ موجود ہے۔ آپ فائل اور دستاویزات پڑھ لیں سب کچھ واضح ہو جائے گا،روزانہ متعدد فائلیں چلتی ہیں اور ہر فائل وزیراعلیٰ کے پاس نہیں آتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان لاہور کے دورے کے دوران منتخب نمائندوں سے بھی ملے اور وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کے انسداد کرونا کیلئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ بلاشبہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے مسائل بھی ہیں لیکن جہاں ایشوز سامنے آتے ہیں ہم فوری ایکشن لیتے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ بدقسمتی سے کردار کشی کیلئے غلط خبریں چلائی گئیں۔ میری درخواست ہے کہ تعمیری بات کریں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یہ مصرعہ پڑھا ’’ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی‘‘۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الزامات لگانے والے لوگ اپنا کام کرتے رہیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ ہر جگہ جائیں گے اور صوبے کی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے۔راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں استعمال ہونے والی90 فیصد اشیاء مقامی طور پر تیار کردہ ہوں گی جس سے پاکستانی انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے خصوصاً لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹائیگر فورس کی کیپ پہنائی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس کے جوانوں سے ملاقات کی اور ٹائیگر فورس کے جوانوں کے جذبے اور عزم کو سراہا۔ صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، محمد سبطین خان، فیاض الحسن چوہان، مشیر آصف محمود اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی عکس بندی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اورجو بھی ذمہ دار ہو، اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا واقعہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ مسجد مقدس ترین مقام ہے اور کسی کو بھی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جو بھی ذمہ دار ہوا،وہ قانون کے تحت سزا سے بچ نہیں پائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بلوچستان اور سندھ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان اور سندھ کے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ مشکل کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فائو نے بلا رنگ و نسل خدمت کرکے انسانیت کا سر بلند کیا اور بلاشبہ ڈاکٹر رتھ فائو طبی شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے رول ماڈل ہیں۔ڈاکٹر رتھ فائو کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے جذام اور ٹی بی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر رتھ فائو کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔