یوم آزادی، مظلوم کشمیری اور بھارتی مسلمان !
14 اگست کے حوالے سے عید آزادی کا تہوار بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا ۔ دوسری جانب وطن عزیز اور ایل او سی کے دونوں اطراف بھارتی آزادی کے دن یعنی 15 اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔ یہاں اس امر کا تذکرہ بے جا نہ ہو گا کہ تحریک آزادی میں جن بے شمار زعماء نے روشن کردار کیا ان میں سے ایک بڑا نام مجید نظامی مرحوم کا ہے۔ انھیں بجا طور پر دشمنان وطن کے خلاف شمشیر برہنہ قرار دیا جاتا ہے کیونکہ انھوں نے کبھی تنازعہ کشمیر اور پاکستانی مفادات کے حوالے سے ذرا سی بھی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیا اور سول سائٹی حالیہ دنوں میں مسئلہ کشمیر کی سنگینی کا ادراک کرتے اپنی ذمہ داریوں سے مزید موثر ڈھنگ سے عہدہ برآ ہو۔
اس صورتحال کا جائزہ لیتے مبصرین نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے حریت رہنما سید علی گیلانی کیلئے پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا میں لغو بیانی اور زہر افشانی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، مودی سرکار کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ کر جو انتہا پسندی کی مخصوص فضا قائم کی جا رہی تھی، اسے پہلے پاکستان پوسٹ آفس کی جانب سے ٹکٹ کے اجرائ، کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے، نیا نقشہ جاری کرنے اور سید علی گیلانی کیلئے ایوارڈ کے اعلان کرنے سے شدید دھچکا پہنچا ہے، مودی سرکار 5 اگست کو ’’ یوم فتح‘‘ کے طور پر منانے کی کوشش کر رہی تھی مگر پاکستانی سفارت کاری کی بدولت اس کے تمام اقدامات کو ٹھیس پہنچی ۔ ہندوستان 15 اگست 1947 کووجود میں آیا تو دنیا بھر کے انسان دوست حلقوں کو توقع تھی کہ یہ ملک شاید آگے چل کر محکوم قوموں کے علم بردار کے طور پر کام کرے گا کیونکہ ہندو قوم لگ بھگ 1200 سال تک بڑی حد تک محکوم رہی ہے اس وجہ سے اس کے بالا دست طبقات کو بخوبی احساس ہو گا کہ غلام قو میں کس حد تک ذہنی ابتری کا شکار ہوتی ہیں مگر بھارتی حکمرانوں نے اپنی آزادی کے بعد اپنی روش سے ثابت کر دیا کہ ان کی بابت ابتداء میں جن خوش گمانیوں کا اظہار کیا گیا وہ سراسر خوش فہمی ہیں ۔ تبھی تو دہلی کے حکمران سوچے سمجھے ڈھنگ سے اپنی اقلیتوں کے خلا ف ریاستی دہشتگردی کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ محض سفارتی ،سیاسی یا مذہبی محاذ پر ہی نہیں چل رہا بلکہ زندگی کا کوئی شعبہ اس منفی روش سے محفوظ نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تحریک پاکستان کی تاریخ اتنی ہی قدیم ہے جتنی خود ہندوستان میں مسلمانوں کی آمد کی ۔قائدنے بجا فرمایا کہ ’’ درحقیقت پاکستان تو اسی روز وجود میں آگیا تھا جب ہندوستان میں پہلا ہندو مسلمان ہوا۔مسلمانوں کی قومیت کی بنیاد کلمہ توحید ہے ، ہندوستان کا پہلا فرد جب مسلمان ہوا تو وہ ایک جداگانہ قوم کا حصہ بن گیا اور ہندوستان میں ایک نئی قوم وجود میں آ گئی‘‘۔ دو قومی نظریہ کیا ہے؟ اسے سمجھنے کے لئے کسی افلاطونی ذہنیت یا ارسطو ہونا ضروری نہیں بلکہ یہ امر روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہندو اور مسلمان ہزاروں سال ایک ساتھ رہنے کے باوجود مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی لحاظ سے ایک دوسرے سے بالکل الگ تھلگ رہے ۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بھارت کے دیہی علاقوں میں رہنے والے مسلمانوں کی 94.9 فیصد اور شہری علاقوں میں 61.1 فیصد خطِ افلاس سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔دیہی علاقوں کی 54.6 فیصد اور شہری علاقوں کی 60 فیصد نے کبھی سکول کا منہ نہیں دیکھا۔دیہی علاقوں میں مسلم آبادی کے 0.8 اور شہری علاقوں میں 3.1 مسلم گریجوئیٹ ہیں اور 1.2 پوسٹ گریجوئیٹ ہیں۔اگرچہ مغربی بنگال کی کل آبادی کا 27 فیصد مسلمان ہیں۔مگر سرکاری نوکریوں میں یہ شرح 4.2 % ہے۔آسام میں یہ شرح 40 % مگر نوکریاں 11.2% ،کیرالہ میں 20% آبادی کے اس 10.4 فیصد سرکاری نوکری ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی فوج اور خفیہ اداروں نے اپنے یہاں سے معلومات کے حصول کی اجازت ہی نہیں دی تھی مگر عام رائے یہ ہے کہ ان اداروں میں مسلم نمائندگی کی شرح کسی طور بھی 1.75 فیصد سے زائد نہیں۔
اس تصویر کا یہ رخ اور بھی بھیانک ہے کہ مہاراشٹر میں مسلمان کل آبادی کا 10.6 فیصد ہیں مگر یہاں کی جیلوں میں موجود قیدیوں کا 32.4 فیصد حصہ مسلمان ہے۔دہلی کی آبادی میں مسلمان 11.7 فیصد مگر جیلوں میں کل قیدیوں کا 27.9 فیصد،صوبہ گجرات کی جیلوں میں کل بند افراد کا 25.1 فیصد مسلمان ہے
جبکہ آبادی میں یہ تناسب 9.1 فیصد ہے،کرناٹک کی جیلوں میں 17.5 فیصد مسلمان بند ہیں جبکہ آبادی میں یہ تناسب 12.23 فیصد ہے،مہاراشٹر کی جیلوں میں ایک برس سے زائد مدت سے قید افراد میں 40.6 فیصد مسلمانوں پر مشتمل ہے۔بھارتی مسلمانوں کو اس عجیب صورتحال سے بھی دو چار ہونا پڑتا ہے کہ بی جے پی اور اس کے ہم نوا کہتے ہیں کانگرس نے مسلمانوں کو خوش کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے جبکہ کانگرس سمیت تمام سیکولر پارٹیاں، انڈین آرمی،خفیہ ادارے، پولیس ،میڈیا اور عدلیہ کا بڑا حصہ بھارت کے ساتھ ان کی وفاداری کو مشکوک سمجھتا ہے ۔بنکوں سے قرضہ ملنا تو دور کی بات اپنے آبائی علاقوں کے باہر کرائے پر دکان یا مکان دیا جانا بھی معیوب سمجھا جاتا ہے۔ایسے میں وطنِ عزیز کے سبھی حلقوں کو یومِ آزادی کے موقع پر بھارتی مسلمانوں کی حالتِ زار کو سامنے رکھنا چاہیے اور خود احتسابی اور خود مذمتی میں حائل بہ ظاہر معمولی لیکن در حقیقت انتہائی اہم فرق ملحوظ رکھا جائے کہ با شعور اور زندہ قوموں کا یہی طریقہ ہوتا ہے۔ اس بابت اصل ذمہ داری مقتدر طبقات (بھلے ہی وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں)،سول سوسائٹی اور میڈیا پر عائد ہوتی ہے۔