نگران حکومت کی جانب سے مختلف منصوبوں کی مد میں واجبات کی ادائیگیوں کا آغاز کر دیا: ضیاء حیدر رضوی
لاہور(کامرس رپورٹر ) نگران حکومت کی جانب سے مختلف منصوبہ جات کی مد میں موخر کردہ واجبات کی ادائیگیوں کا آغاز کیا جا چکا ہے، ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ فنڈز کی عدم موجودگی تھی، کفایت، محصولات ا ور وفاق کی جانب سے قومی مالیاتی ایوارڈ کے بقایا جات کی ادائیگی کے بعد خسارے پر قابو پالیا گیا ہے ،71ارب میں سے اب تک 31 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں جب کے 40ارب روپے کی مشروط ادائیگیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سید ضیاء حیدر رضوی نے منتخب حکومت کی آمد سے قبل صوبے کی مالیاتی صورتحال سے متعلق میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا صوبائی وزیر نے کہا کہ جس وقت نگران حکومت نے وزارت کا قلمدان سنبھالا حکومت پنجاب کو مختلف منصوبہ جات کی مد میں 71ارب کے واجبات کی ادائیگی کا سامنا تھا ۔ خزانے کی ابتر صورتحال کے پیش نظر 30جون تک ادائیگیاں ممکن نہیں تھیں ۔ تاہم اب صورتحال قدر ے بہتر ہے۔ وفاق سے واجب الاداء فنڈز وصول کر لیے گئے ہیں جبکہ محصولات کی وصولیوں کی شرح بھی پہلے سے بہتر ہے۔ ادائیگیوں کے حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید حسن عسکری کی ہدایت پر صرف کلیم شدہ رقوم ادا کی جا رہی ہیں ۔