عید قرباں پر تمام محکمے اپنے شکایات مراکز اور نمبروں کو مکمل طور پر فعال رکھیں: کمشنر
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ تمام محکمے عید قرباں پر اپنے شکایات مراکز اور نمبروں کو مکمل طور پر فعال رکھیں تاکہ شہریوں کی بروقت مدد ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ویسٹ کمپنی شہریوں میں آلائشی بیگز تقسیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عارضی مویشی منڈیوں و خریداری مراکز میں موجود اور اضلاع میں داخلہ کے وقت جانوروں اور گاڑیوں پر کانگو وائرس بچاؤ سپرے کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی پر انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، ڈی سی لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور سمیت سی ای اوز صحت، سی اوز ضلع کونسلوں اور چیئرمین ضلع کونسلوں نے بھی شرکت کی۔