امریکی پابندیاں: عراقی ملیشیا نے ایران کا محاصرہ توڑنے کی دھمکی دے دی
بغداد (این این آئی)ایران پرامریکہ کی طرف سے سخت ترین اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کے اقدام کے رد عمل میں عراق کی ایران نواز ملیشیا نے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایران کا محاصرہ توڑنے کی دھمکی دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سید الشہداء بریگیڈْ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علیحدگی اور تہران پر اقتصادی پابندیوں کا نفاذ ناقابل قبول اقدامات ہیں۔ ہم ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تہران کا معاشی محاصرہ توڑنے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے۔عراقی ملیشیا نے ایران پر عاید کردہ امریکی پابندیوں کے حوالے سے وزیر اعظم حیدر العبادی کے رد عمل کو شرمناک اور شکست خوردگی کی علامت قرار دیا اور کہا کہ ایران نے عراقی عوام کے لیے جو قربانیاں دی ہیں بغداد کو اس کا کوئی احساس نہیں۔ اگر ایران مدد نہ کرتا تو العبادی اس وقت اقتدار میں نہ ہوتے۔ عراقی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایران پر عائد کردہ امریکی پابندیوں کے خلاف سخت جوابی اقدامات کرے۔