پائنیر یونٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم‘ نشتر کے مختلف وارڈز کا دورہ
ملتان (وقائع نگار) پائنیرز یونٹی کے وفد نے صدارتی امیدوار ڈاکٹر مہناز خاکوانی کے ہمراہ نشتر ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا وارڈ نمبر 4 آؤٹ ڈور وارڈ نمبر 21 وارڈ نمبر 15 اور نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری میں ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں اپنے منشور سے آگاہ کیا ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں مریضوں کے بیٹھنے اور انتظار کرنے کے لئے مناسب جگہ کا بندوبست کیا جائے پینے کے لئے ٹھنڈے اور صاف پانی کا اہتمام کیا جائے ائرکنڈیشنز اور چلرز لگائے جائیں ۔ ڈاکٹر آفتاب شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشتر و ملتان کے دیگر ہسپتالوں میں ڈاکٹرز‘ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو فی الفور پورا کیا جائے نشتر یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو فروغ دیا جائے ڈاکٹرز آسیہ رحمان نے کہا کہ 1700 بیڈز کے حساب سے نشتر ہسپتال میں بھرتیاں کی جائیں ۔ ڈاکٹر یاسر زیدی نے کہا کہ ڈاکٹرز کے ڈیوٹی کے اوقات کو فکس کیا جائے اوورٹائم کی اضافی تنخواہ ملنی چاہئے ڈاکٹر کاشف ہاشمی نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کی تحریک چلائیں گے ہاؤس آفیسرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ڈاکٹر احمد شہاب نے بہاولپور رحیم یارخان کی طرز پر ملتان کے ڈاکٹرز کے لئے خصوصی الاؤنس کامطالبہ کیا ڈاکٹر فرحان میرانی نے نشتر یونیورسٹی میں ایم فل و دیگر کورسز شروع کروانے کا مطالبہ کیا ڈاکٹر رانا ذیشان ڈاکٹر صائمہ جبار نے ہاؤس آفیسرز اور ان کی فیملیز کو مفت علاج کی سہولت کا مطالبہ کیا مختلف وارڈز کے ڈاکٹرز نے پائینر یونٹی کے وفد کا استقبال کیا اور انہیں حمایت کا یقین دلوایا۔