اے پی این ایس کی عمرا ن خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد
کراچی(وقائع نگار) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی ( اے پی این ایس) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی پارٹی کو الیکشن 2018ء میںکامیابی اور سب سے بڑی جماعت کے طورپر ابھرنے پر مبارکباد پیش کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جمہوری عمل سے بننے والی منتخب اور ذمہ دار حکومت پاکستان میں اچھی حکمرانی کی اس کمی کو پورا کرے گی جو پاکستان میں شدت سے محسوس کی جاتی رہی ہے۔ صدر حمید ہارون اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے جمہوری طریقے سے حکومت سازی کی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا اور مسلسل تیسری مرتبہ انتقال اقتدار کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے جمہوری اور آئینی عمل مستحکم ہوگا۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوریت کے ذریعے ہی قانون کی حکمرانی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اے پی این ایس کے عہدیداران نے نئی حکومت سے آزادی اظہار رائے اور آئین کے آرٹیکل19 کے حوالے سے مثالی اقدامات کرنے کی توقع بھی کی ہے۔