کشمیری سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اختلافات بھلا کر کوششیں تیز کریں: مسعود خان
پانیولہ(اے این این) آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکن مسئلہ کشمیر کے حل کے یک جان ہو کر اپنے ذاتی مفادات و اختلافات بھلا کر کوششیںتیز کر دیں اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک آزادی میں ان کی حمایت کریں۔بھارت نے مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور انسانی حقوق کی سرعام و کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں اور بے گناہ کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔بھارت کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی نا پاک کوشش کے طور پردفعہ 35-Aکی خصوصی حثیت ختم کرنے کی ایک اور جسارت کر رہا ہے جسے کسی قیمت پر اہل کشمیر قبول نہیں کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اپنے پہلے دورہ جنڈالہ کے مقام پر منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجتماع سے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما سردار خان بہادر خان عبداللہ،سردار ریاض روشن،نوجوان رہنما راجہ نوید،سردار حسین بھاشانی،مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما سردار ممتاز ایڈووکیٹ اور کئی دوسروں نے خطاب کیااور صدر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے اس موقع پر مسلم لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے کردار کی کشمیریوں کے ساتھ وابستگی و لگائو کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی سے مجھے ریاست کے صدر ہونے کا ایک اعزاز ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی حکومت آزاد کشمیر کو ایک مثالی خطہ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور تعمیروترقی کا بلاتخصیص کام جاری ہے جسے مزید تیز کر دیا جائے گا۔