کاشتکار اپنی فصلوں کی ہفتے میں دو بار پیسٹ سکائوٹنگ کریں، ناصر مظہر ملک
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) مختلف فصلوں کی کاشت کیلئے زمین کی بہتر تیاری ، اعلیٰ اقسام کا تصدیق شدہ بیج، متوازن کھادوں کا استعمال، بروقت آبپاشی اور مربوط تحفظ نباتات زراعت کے وہ بنیادی اصول ہیں جن پر عمل درآمد کر کے زمیندار حضرات اپنی فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں بھر پور اضافہ کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈ راولپنڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ناصر مظہر ملک نے یونین کونسل بگا شیخاں مرکز بسالی میں منعقدہ ’’یوم کاشتکاراں‘‘ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف انواع کے کیڑے مکوڑے ، بیماریاں اور جڑی بوٹیاں فصلوں کی پیداوار کو 90فیصد تک نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہیں۔ لہٰذا کاشتکار حضرات ان ضرر رساں عوامل سے اپنی فصلوں ، باغات اور سبزیات کو بروقت بچانے کیلئے زرعی ، میکانکی ، حیاتیاتی اور کیمیائی کنٹرول پر مشتمل مربوط طریقہ انسداد اپنائیں ۔ ناصر ایم ملک نے مزید کہا کہ موجود ہ موسمی حالات کے پیش نظر فصلوں پر رس چوسنے والے کیڑوں ، سنڈیوں اور پھل کی مکھی کا حملہ شدت اختیار کر سکتا ہے لہٰذا کاشتکار اپنی فصلوں کی ہفتے میں دو بار پیسٹ سکائوٹنگ کریں اور نقصان دہ عوامل کی معاشی حد ( E T L) کی صورت میں زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب کیمیائی ادویات بروقت سپرے کریں۔