پاک چین راہداری پر امریکی دشمنی واضح ہوگئی: فخر بھٹی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ڈسٹرکٹ بیت المال کے چیئرمین چوہدری فخر الحسن مون بھٹی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک پر امریکی حکومت کا پاکستان دشمن موقف واضح ہوگیا ہے اب اس میں کوئی شک شبہ نہیں رہا کہ ٹرمپ اور مودی پاکستان کے خلاف یک زبان ہیں اور دونوں پاکستان دشمنی میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں ،آئی ایم ایف اورو رلڈ نگ کا امریکہ کے زیر اثر ہونا بھی ثابت ہوچکا ہے لہذاایسی پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت ملک دشمن قوتوں کے منفی عزائم کا مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کسی بیل آئوٹ پیکیج کیلئے جانے کی بجائے چین ،روس اور ترکی پر اعتماد کرے تاکہ ٹرمپ اورمودی کے ہوش ٹھکانے آسکیں، انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلی غلطی اس وقت ہوئی جب ہم امریکی جنگ کا حصہ بنے اور اپنے ملک کو دہشت گردوں کے سپر د کیا ،جنرل (ر) پرویز مشرف کے اس فیصلے کو آج تک پذیرائی نہیں مل سکی کیونکہ اسکا یہی ایک فیصلہ ہماری تباہی کا موجب بنا ، 2013ء میں نواز حکومت آنے کے بعد پاک فوج اور حکومت نے ایک پیج پر آتے ہوئے دہشت گردی کے محفوظ ٹھکانے تو تباہ کر دئیے مگر ان ٹھکانوں سے بچ جانے والے ملک دشمن تاحال وارداتوں میں مصروف ہیں۔