ایشیا کرکٹ کپ پاکستان بھارت میچ ری شیڈول ہونے کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بھارتی کرکٹ بورڈ نے آخری کوشش کے طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا 19 ستمبر کو کھیلے جانے والا میچ ری شیڈول کرنے کی درخواست دیدی ہے۔ بی سی سی آئی کے مطابق بھارتی ٹیم نے نیپال کیخلاف 18 ستمبر کو میچ کھیلنا ہے اور اگلے دن پاکستان کے ساتھ مقابلہ طے ہے۔ لگاتار دو دن 2 ون ڈے میچز کھیلنا ممکن نہیں ہے۔ پاکستان کو بھارت کیخلاف میچ سے قبل دو دن کی ریسٹ دی گئی ہے جبکہ بھارتی ٹیم کو ایک دن بھی آرام کیلئے نہیں دیا جا رہا۔ بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کو شیڈول تبدیل کرنے کیلئے دوبارہ خط لکھ دیا ہے۔ اس سے قبل بھارتی بورڈ کو ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے شیڈول میں تبدیلی سے انکار کیا گیا تھا۔ ایشین کرکٹ کونسل کا موقف ہے کہ شیڈول مرتب کرتے وقت تمام ممبرز بورڈ کی رائے لی گئی تھی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشیا کپ کے شیڈول پر اعتراضات اٹھا دیئے گئے ہیں اور اس شیڈول پر دوبارہ نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اہم اجلاس میں ایشیا کپ کے شیڈول کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اس کا مقابلہ 19 ستمبر کو دوبئی میں ہو رہا ہے جس سے قبل پاکستانی ٹیم کو دو دن کے آرام کا موقع مل جائے گا ،لیکن اس کے ساتھ ساتھ بھارتی کرکٹ ٹیم کو مسلسل دو روز میچز کھیلنا پڑیں گے۔ بھارتی بورڈ کا مطالبہ تھا کہ اسے بھی میچ سے قبل آرام کا موقع دیا جانا چاہیئے تاکہ وہ بھی میچ میں تازہ دم ہو کر حصہ لے سکیں۔ایشیا کپ کا آغاز 15 ستمبر سے دوبئی میں ہو رہا ہے جس میں پاکستان ، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعتراض کے بعد ایشیا کپ میں پاکستان اوربھارت کے درمیان میچ ری شیڈول ہونے کا قوی امکان ہے۔
ایشیا کپ کا 14واں ایڈیشن 15سے18ستمبرتک متحدہ عرب امارات میں ہوگا،شیڈول کے مطابق پاکستان‘ بھارت ٹاکرا 19ستمبرکودبئی میں ہوگا۔پاکستان کیخلاف میچ سے قبل آرام نہ دلانے پربھارت کواعتراض ہے، بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف میچ سے ایک روزقبل کوالیفائرکیخلاف میچ کھیلے گی،پاکستان کو2روزکا آرام اوربھارت کو50اوورزکے مسلسل 2میچزکھیلنا پڑیں گے۔ بھارت کا مطالبہ ہے کہ اسے بھی میچ سے قبل آرام کا موقع دیا جائے تاکہ وہ بھی میچ میں تازہ دم ہو کر حصہ لے سکیں۔بھارت کے اعتراض کے بعد قوی امکان ہے کہ منتظمین کی جانب سے پاکستان اوربھارت کے درمیان میچ کی تاریخیں تبدیل کردی جائیں گی۔