ہائرایجوکیشن کمیشن میں ڈگریوں کی تصدیق کاآن لائن نظام سست روی کاشکار
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)میں ڈگریوں کی تصدیق کے آن لائن سسٹم میں مسلسل شکایات کی وجہ سے ملک بھر کے طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،طلبا کے دستاویزات کی سکروٹنی کے عمل کے لیے ایک ایک ماہ کا وقت دیا جانے لگا ،ڈگری کی تصدیق میں ڈیڑھ ماہ تک لگ جاتا ہے،طلبا ء کا کہنا ہے کہ آن لائن سسٹم کی سست روی اور شکایات کی وجہ سے شدید مشکلات درپیش ہیں ،ذرائع کے مطابق آن لائن سسٹم کی سست روی سے تصدیق
کے عمل میں تاخیرہو رہی ہے جس کی وجہ سے عملہ مینول طریقے سے ہی تصدیق کے عمل کو جاری رکھ رہا ہے،آن لائن سسٹم میں طلباء کو اپنی دستاویزات اپ ڈیٹ کرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں،کئی کئی بار اپ لوڈ کرنے کے باجود بھی عمل پورا نہیں ہو تا ہے ،اسی طرح سے اگر دستاویزات اپ لوڈ ہو بھی جائیں تو انہیں سکروٹنی کے عمل کے لیے ایک ماہ یا بعض اوقات اس سے بھی زیادہ وقت دے دیا جاتا ہے،حالانکہ سکروٹنی کے عمل صرف اس بات کو چیک کرنا ہو تا ہے کہ آیا اپ لوڈ کی گئی دستاویزات مکمل ہیں یا نہیں،اس کے بعد ڈگری کی تصدیق کا عمل شروع ہوتا ہے اس طرح ڈگریوں کی تصدیق کے عمل میں ڈیڑھ ماہ کا عمل بھی لگ جاتا ہے،اسی طرح سے ہائیر ایجوکیشن کے ریجنل سنٹرز میں صورتحال اس سے بھی خراب ہے جہاں ڈگریوں کی تصدیق کا عمل اس سے بھی طویل ہو جاتا ہے،جس کی وجہ سے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور ریجنل سنٹرز کے قریبی علاقوں کے طلباء تو وہاں پر خود جاکر اپنے مسائل کو حل کر لیتے ہیں لیکن ملک کے دور دراز کے علاقوں کے طلباء کے لیے دفاتر جانا مشکل ہو تا ہے ۔اسی طرح سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے گزشتہ ہفتے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 10سال بعد ڈگریوں کی تصدیق کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی تھی اور کہا گیا تھا کہ پالیسی میں تبدیلی کے بعد اب امیدواروں کو ڈگری کے ساتھ میٹرک ایف اے اور دیگر اسناد جمع نہیں کرانی پڑیں گی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا نوٹیفیکیشن تو جاری ہو گیا ہے لیکن تاحال اس پر عملدرآمد ہی شروع نہیں کیا گیا ہے اور اسی طرح سے طلباء سے ان کی تمام ڈگریاں طلب کی جارہی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ تصدیق کے آن لائن سسٹم میں سست روی کی ایک بڑی وجہ عملے کی ناتجربہ کاری اور ان میں استعداد کار کی کمی ہے۔’’نوائے وقت‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ڈائریکٹر میڈیا عائشہ اکرام نے بتایا کہ ڈگریوں کی تصدیق کے آن لائن سسٹم میں کوئی خرابی نہیں ہے سسٹم درست انداز میں کام کر رہا ہے،طلباء درست انداز میں آن لائن اپنی دستاویزات اپ لوڈ ہی نہیں کر پاتے ہیںحالانکہ ہمارا طریقہ کار انتہائی آسان ہے ،درست دستاویزات اپ لوڈ نہ ہونے کی وجہ سے مسائل ہوتے ہیں،لیکن اب ہم نے نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے تمام ڈگریوں کو جمع کرانے کی شرظ ختم کر دی ہے اب صرف وہی ڈگری جمع کرانا پڑے گی جس کی تصدیق کرانا ہو گی،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اسلام آباد میں روزانہ 250سے 300ٹوکن جاری ہوتے ہیں جن کی چار چار دستاویزات جمع ہوتے ہیں اس طرح ہمیں تقریبا ایک ہزار دستاویزات کو چیک کرنا ہو تا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم سے طلابء کے لیے تصدیق کا عمل پہلے سے آسان ہو گیا ہے۔