دو سال قبل طویل بریک ڈائون،نیپرا کا جینکو ٹو کو پچاس لاکھ روپے جرمانہ
اسلام آباد(قاضی بلال ؍خصوصی نمائندہ)نیپرا نے پنجاب اور کے پی کے میں دو سال پہلے ہونے والے طویل بریک ڈائون کی پاداش میں جینکو ٹو کو پچاس لاکھ روپے جرمانہ کر دیا ہے۔ میسرز سنٹرل پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ جینکو ٹو کوغفلت برتنے پر جرمانہ کیا ہے ۔ اکیس جنوری دوہزار سولہ کو پنجاب اور کے پی کے میں طویل بجلی کا بریک ڈائون ہوا تھا ۔ اس حوالے سے نیپرا نے بجلی بحران پر جینکو ٹو کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی تھی اور این ٹی ڈی سی کو اس معاملہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔نیپرا نےانکوائری رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد جینکو ٹو کو بریک ڈائون کا ذمہ داری قرار دیا ہے ۔نیپرا ماہرین نے اٹھارہ اور بائیس نومبردوہزارپندرہ کو جینکوکے انتظامات کو غیر تسلی بخش پایا اور ہدایت کہ سونچ والے ایریا کی مناسب دیکھ بھال نہیںکی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ انتظامات کوبہتر کریں اور اس حوالے سے پائی جانے والی خامیوںکو دور کریں۔ اکیس جنوری کو ہونے والے بریک ڈائون سے ثابت ہوا کہ مذکورہ بالا کمپنی نے ہماری ہدایات پر عمل نہیںکیا اور غفلت کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے بجلی کا بحرا ن پورے کے پی کے اور پنجاب میں ہوا ۔ اتھارٹی کی ہدایت پر عمل نہ کرنے پر جینکو کو شوکاز نوٹس جاری کیاگیا اس حوالے سے چوبیس جنوری دوہزاراٹھارہ کووضاحت کا موقع دیا گیا ۔ دوران سماعت جینکو کے نمائندگان تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور کمپنی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی لائسنس (جنریشن )رولز دوہزار اور گریڈ کوڈ دوہزارپانچ کی خلاف ورزی کی ذمہ دار رہی ۔غفلت اور پاور سٹیشن کو صحیح حالت میں نہ رکھنے پر کمپنی کو ذمہ دار قرار دیکر پچاس لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔