حجاج اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرتے ہیں،نواف بن سعید المالکی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے سعودی عرب کو بیت اللہ کا حج کرنے والوں کی خدمت کا شرف بخشا ہے، خادم حرمین شریفین اور ان کی ولی عہد کی تعلیمات یہی ہیں کہ حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔ان خیالات کااظہارسعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے اسلام آباد میں سعودی سفارت خانےمیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میںنگران وزیر مذہبی امورمحمدیوسف شیخ بھی موجود تھے ۔سعودی سفیرنواف سعیدالمالکی نے کہاکہ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے پاکستان سے کچھ افراد کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کروایا جارہا ہے، جو درحقیقت سعودی عرب کی طرف سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اسلامی اخوت اور سلامتی کا پیغام ہے۔ سعودی حکومت حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس مقصد کے لیے سعودی عرب نے اپنے تمام تر وسائل حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے وقف کردیے ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض باآسانی ادا کرسکیں۔