غزہ میں اسرائیلی بمباری‘ حاملہ خاتون‘ ڈیڑھ سالہ بیٹی سمیت 3 شہید‘ 30 زخمی
غزہ ( اے ایف پی +نیوز ایجنسیاں) اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں فضائی حملے کئے۔ حاملہ خاتون اور بچی سمیت 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا 30 زخمی ہو گئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والوں میں 23 سالہ خاتون اور ان کی 18ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فورسز نے یہ فضائی کارروائیاں مختلف علاقوں میں کیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ مصر حماس اور اسرائیل کے درمیان طویل المدتی امن معاہدے کے لیے مذاکرات میں ثالثی کی کوشش کررہا ہے تاہم اس حملے کے بعد مذاکرات پر منفی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ فلسطینی حکام نے بتایا غزہ میں کلچرل سنٹر اور دوسری عمارتوں پر اسرائیلی طیاروں نے بم گرائے۔ 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی امریکا کے ملک کولمبیانے فلسطین کو باضابطہ آزادریاست تسلیم کرلیا ۔ کولمبین وزارت خارجہ کے خط کے مطابق صدر جوان مینوئل سانتوس نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ، کولمبیا کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد138 ہوگئی۔