امریکہ دھوکے باز‘ دوستی کی آڑ میں خنجر گھونپا‘ اعتبار نہ کریں
تہرا ن(آن لائن)ایرانی صدر حسن روحانی نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ دھوکے باز امریکیوں پر اعتبار نہ کرے۔ امریکہ نے ہمیشہ دوستی کی آڑ میں پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق گذشتہ روز شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ نے تہران میں صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں روحانی نے شمالی کوریا کو مشورہ دیا کہ وہ امریکہ پر اعتبار نہ کرے کیونکہ امریکہ نے ہمیشہ مصالحت کی آڑ میں پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔امریکہ نے عالمی برادری اور ایران کے ساتھ طے پایا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔شمالی کوریا کے مردآہن کیم یوگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے کسی سینئر عہدیدار کا یہ ایران کا پہلا دورہ ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ ایک عشرے کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصے میں شمالی کوریا اور ایران مشترکہ اہداف کے مطابق ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے امریکی فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر روحانی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں امریکہ نے خود کو ناقابل اعتبار ثابت کیا ہے۔