ادائیگی توازن میں مد کیلئے اسلامی ترقیاتی بنک سے اربوں ڈالرکاپیکیج لینے کی منصوبہ بندی
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان اپنی ادائیگی کے توازن میں مدد کے لیے اسلامی ترقیاتی بنک سے اربوں ڈالر کا پیکج لینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو رواں مالی سال میں ’’ایکسٹرنل فنانسنگ‘‘ کے لیے 20 ارب ڈالر سے زائد کی ضرورت ہے۔ ان میں سے 10 سے 12 ارب فوری ضرورت ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلامی ترقیاتی بنک جس میں پاکستان کے شیئرز 2.57 فی صد کے مساوی ہیں۔ پاکستان میں منتخب حکومت کے قیام کے بعد 4ارب ڈالر فراہم کرنے پر آمادہ ہے اسلام آباد میںموجود افسران کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کاغذی کارروائی تیار ہے۔ اس سلسلے میں اعلان حکومت کے قیام کے بعد سامنے آئے گا۔ 4 بلین ڈالر کن شرائط پر دئیے جائیں گے۔ ابھی اس کا تعین باقی ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی ترقیاتی بنک کے قرضے مہنگے تصور ہوتے ہیں۔ مشرف دور میں بھی آئی ڈی بی سے ادائیگی کے توازن کے لیے مدد لی گئی تھی۔ دریں اثناء بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دراصل ’’کریڈٹ لائن‘ کی سہولت ہے جس کے تحت پاکستان‘ سعودی عرب سے تیل خرید سکے گا اور رقم اس سہولت کے تحت ادا ہو جائے گی۔