ثالثی کی گنجائش نہیں ، مزید پابندیوںپرغور :سعودی عرب، معافی نہیں مانگیں گے :کینیڈا
اوٹاوا(اے این این‘ اے پی پی)کینیڈا اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی کشیدگی میں سعودی عرب نے کہا ہے کہ ثالثی کی گنجائش نہیں اور کینیڈا کو معلوم ہے کہ بڑی غلطی کو درست کرنے کے لیے کیا کرنا ہے۔ اسے اپنی غلطی درست کرنا ہوگی‘ بات چیت کیلئے کچھ بھی دستیاب نہیں ہے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ ہم نے جاری سرمایہ کاری بند نہیں کی، نئی پابندی لگائی ہے۔ مسئلہ انسانی حقوق کا نہیں بلکہ قومی سلامتی کا ہے۔سعودی عرب نے طلبا کے بعد اپنے مریضوں کو بھی کینیڈا سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ کینیڈا نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سعودی عرب کے انسانی حقوق پر تشویش کا اظہار کرنے پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔مونٹریول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کینیڈا ہمیشہ بھرپور اور واضح انداز میں نجی اور سب کے سامنے انسانی حقوق کے سوال پر بولتا رہے گا۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب نہیں چاہتے۔ کینیڈا تسلیم کرتا ہے کہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کے معاملے پر کافی کام کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فریلینڈ کی گزشتہ روزکو سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے تاکہ اس معاملے کو حل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا سفارتی سطح پر بات چیت ہوتی رہے گی۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا سعودی عرب کینیڈا کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہے ہیں تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں دیں۔
سعودی عرب