قومی امراض قلب میں حاجی موتی والا کے صاحبزادے پر تشدد ‘سیکیورٹی گارڈ معطل
کراچی (ہیلتھ رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراض قلب کے سیکیورٹی عملے کی جانب سے اسپتال میں زیرعلاج حاجی توفیق موتی والاکے صاحبزادے پر مبینہ تشدد،انتظامیہ نے نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ، دل کے عارضے میں مبتلا حاجی توفیق موتی والا این آئی سی وی ڈی میں داخل ہیں۔انکے صاحبزادے ہاشم موتی والا ،اپنے والد سے ملاقات کیلئے آرہے تھے اس موقعہ پر سیکورٹی اہلکار نے مبینہ طورقانونی پارکنگ کرنے کے باوجود تلخ کلامی کے بعد تشددکیا۔ہاشم موتی والا کی جیب میں موجود 65 ہزار روپے بھی مبینہ طور پرغائب کردئیے گئے۔حاجی توفیق موتی والا قومی ادارہ برائے امراض قلب کو کروڑوں روپے عطیہ کرچکے ہیں۔واقعے کے زخمی ہاشم موتی والا نے قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔این آئی سی وی ڈی کے ایڈمنسٹریٹو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تشدد کرنے والے چاروں سیکیورٹی گارڈ کو معطل کردیا ہے ۔