بزنس مین گروپ اور پیٹریاٹ درمیان مقابلہ متوقع
کراچی (کامرس ڈیسک) آئندہ ماہ15ستمبر کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) میں ہونے والے سالانہ انتخابات میں11سال کے بعد برسر اقتدار سراج قاسم تیلی کے بزنس مین گروپ ( بی ایم جی) کا مقابلہ ایک نئے غیر معروف گروپ کے امیدواروں سے ہوگا۔ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے مجموعی طور پر59امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور یہ امیدوار18اگست تک اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔ بی ایم جی کے مقابلے میں پیٹریاٹ کے نام سے ایک گروپ قائم کیا گیا ہے جس کی اندرون خانہ سرپرستی تاجر رہنما احمد چنائے، یحییٰ پولانی اور عبدالرحیم جانو کر رہے ہیں تاہم مذکورہ گروپ کے سربراہ کے طور پر افضل چامڑیا نامی ایک تاجر سامنے آئے ہیں جو دھو راجی کالونی کے ایک الیکشن میں ابتدائی تین عہدے جیت چکے ہیں تاہم کراچی چیمبر کا الیکشن دھورا جی کا الیکشن نہیں ہوگا کیونکہ کراچی چیمبر کے مجموعی طور پر14ہزار350ووٹرز الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ تجارتی ذرائع کے مطابق ایف پی سی سی آئی میں پاکستان بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ عقیل کریم ڈھیڈھی کو بھی پیٹریاٹ گروپ کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ابھی تک انہوں نے آمادگی کا اظہار نہیں کیا ہے البتہ احمد چنائے، یحییٰ پولانی اور عبدالرحیم جانو کی حمایت کی صورت میں وہ خود بھی طویل عرصہ بعد کراچی چیمبر کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس میں گزشتہ20سال سے بی ایم جی گروپ سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں برسراقتدار ہے اور اس دوران اس گروپ نے اپنی کارکردگی سے کراچی کی بزنس کمیونٹی کے دل بھی جیتے بالخصوص بولٹن مارکیٹ سانحہ میں ہونے والی تباہی سے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کے ازالہ کیلئے سراج قاسم تیلی اور انکی ٹیم نے جو کردار ادا کیا وہ قابل تعریف تھا جبکہ تباہ شدہ مارکیٹوں کی ازسر نو تعمیر بھی کراچی چیمبر کا ہی کارنامہ تھا اور اسی بناء پر طویل عرصہ سے بی ایم جی گروپ کراچی چیمبر میں کامیاب ہوتا رہا ہے۔بزنس مین گروپ کے بیشتر رہنما چیمبر میں ہونے والے الیکشن سے خوش ہیں اور انکا کہنا ہے کہ الیکشن سے ہماری کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ کراچی چیمبر آف کامرس کی مینجنگ کمیٹی30اراکین پر مشتمل ہے جن میں سے15اراکین بی ایم جی کے ہیں جبکہ سبکدوش ہونے والے15اراکین کی جگہ نئے اراکین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ چیمبر الیکشن میں بزنس مین گروپ کے رہنمائوں سراج قاسم تیلی، ہارون فاروقی، طاہر خالق، انجم نثار، زبیر موتی وال انے اپنے گروپ کے15امیدواروں کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جن میں جنید اسماعیل ماکڈا ( بی ایم جی کے نامزد صدر) فیصل نعیم، وسیم الرحمان، حفیظ عزیز، حسن شیخ ووہرہ، شکیل الرحمان ( سنو وائٹ) محمد حنیف، سہیل احمد، شمعون ذکی ، آصف یونس سم سم، ایم ہارون قیصر ( پاک لینڈ) ہمایوں محمد، شاہد اسماعیل، شعیب سلطان اورمحمد عامر شیخ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بی ایم جی نے پہلے سے مینجنگ کمیٹی میں موجود رکن خرم شہزاد کو سینئر نائب صدر اور آصف شیخ جاوید کو نائب صدر کیلئے بھی نامزد کر دیا ہے جبکہ پیٹریاٹ گروپ کی جانب سے متوقع طور پر محمد افضل چامڑیا، عبیداللہ قادری، محمد عبداللہ بٹرا، عذیر خورشید اللہ والا، فرحان حنیف، اختر اسماعیل، یوسف یعقوب، رفیق سلیمان، خالد محمود پراچہ، شبانہ آصف اور دیگر شامل ہیں۔