نارتھ ناظم آباد بلاک بی کے گراونڈ پر قائم تجاوزات منہدم
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) کراچی میں کھیلوں کے میدانوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کا سلسلہ جاری ہے، ڈائریکٹر نیب سندھ کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ویسٹ ہاکی گراونڈ سے قبضہ ختم کرادیا گیا، کے ڈی اے کے عملہ نے نارتھ ناظم آباد بلاک بی کے گراونڈ پر قائم تجاوزات منھدم کر دیں۔ ضیا الدین اسپتال کے عین سامنے پانچ ایکٹر پر مشتمل ہاکی گراونڈ پر غیرقانونی قبضہ تھا، کے ایچ اے کی درخواست پر نیب نے ایکشن لے کر کارروائی کی، کھیل کے میدان پر قبضہ ختم ہونے کے بعد اہلیان علاقہ نے مسرت کا اظہار کیا، دریں اثنا سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ نے جمعرات کو قبضہ مافیا سے واگزار کرائے جانے والے گراونڈ کا دورہ کیا اور نیب کی کاروائی کو قابل تحسین اقدام قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی میں کھیلوں کے میدانوں کو قبضہ مافیا سے چھڑانے کا تہیہ کر رکھا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو کھیلنے کے مواقع فراہم کرکے ان کو منفی سرگرمیوں سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا اس گراونڈ کو خالی کرانا نیب کا کارنامہ ہے، ہم ایسے میدانوں کو آباد کرنے کے لییانفرا اسٹریکچر فراہم کریں گے جبکہ فنڈنگ کرکے کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ یہ میدان نئی نسل کا حق ہیں جو ان کو دلایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ واگزار کرائے جانے والے میدانوں پر دوبارہ قبضہ نہ ہو۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اس گراونڈ کو سابق قومی ہاکی کپتانوں اولمپئین عبدالوحید خان اور اولمپئین سمیع اللہ خان کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ نیب کی جانب سے کھیل کے میدان کو واگزار کرانا ناقابل یقین کارنامہ ہے جس پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور کھلاڑی ڈی جی نیب اور صوبائی وزیر کھیل کے انتہائی شکر گزار ہیں، اس میدان کو کھیل کی بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔