A PHP Error was encountered

Severity: Notice

Message: Undefined index: category_data

Filename: frontend_ver3/Templating_engine.php

Line Number: 35

کرپٹ ٹولے سے کمپرومائز نہ کرنے پر انکے دل میں کھٹک رہا ہوں : شہباز شریف

10 اگست 2011
لاہور (سلمان غنی سے) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ سسٹم کی بدنامی اور دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی وجہ کرپٹ حکمران ٹولہ ہے جن کی دلچسپیاں ملکی وسائل لوٹنے، دولت باہر منتقل کرنے اور اپنے بینک بیلنس بھرنے میں ہیں لہٰذا ہمارا اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں۔ بددیانت، کرپٹ اور نااہل قیادت نے وسائل سے مالامال ملک کو کنگال اور مسائل زدہ عوام کو بے حال بنا رکھا ہے۔ انہیں ان کے انجام پر پہنچائے بغیر بحرانوں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں اور میں انہیں اس لئے کھٹک رہا ہوں کہ میں نے کرپٹ ٹولہ سے کمپرومائز نہیں کیا ان کے دباﺅ میں نہیں آیا لہٰذا مجھ پر اثرانداز ہونے کیلئے پنجاب کی تقسیم کی بات کی گئی، صوبوں کی انتظامی تقسیم کے خلاف نہیں لیکن پنجاب کی لسانی بنیاد پر تقسیم کے خواہاں حکمران عوام کی عدالت میں ایکسپوز ہو گئے میں نہ ان سے ڈرنے والا ہوں نہ ہی ان کی دھمکیاں مجھ پر کارگر ہو سکتی ہیں۔ وہ گذشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ میاں شہبازشریف نے کہا کہ وفاق کے نام نہاد دعویداروں نے سندھ خصوصاً کراچی کی صورتحال سے بھی سبق حاصل نہ کیا اور پنجاب میں نفرتوں کے بیج بونے کی کوشش کی لیکن خدا کے فضل و کرم سے پنجاب کی سوچ پاکستان کی سوچ ہے اور اہل پنجاب کے دل میں پاکستانی دل دھڑکتے ہیں وہ کسی قسم کی لسانی علاقائی تقسیم کے حامی نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہاکہ آج اہل پنجاب کیلئے یہ امر لمحہ فکریہ سے کم نہیں کہ سلگتے مسائل‘ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر عوام سسٹم پر سوال اٹھا رہے ہیں۔دراصل سسٹم کو بدنام کرپٹ حکمران ٹولہ نے کیا جن کی سوچ اور اپروچ میں قومی یا عوامی خدمت نہیں صرف اور صرف کرپشن اور کمیشن ہیں لہٰذا حکومتی ناکامی کو سسٹم کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی عدم فراہمی کو بنیاد بناکر عوام پر پٹرول بم چلانا اور آئے روز ان کو بجلی کے جھٹکے دینا انہیں لوڈشیڈنگ کی آگ میں جھلسانے کا کوئی جواز نہیں۔ کرپٹ حکمرانوں کو ریاستی اداروں خصوصاً عدلیہ کی آزادی پر اثرانداز نہیں ہونے ، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی آگ کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمران ٹولہ کےخلاف لڑوں گا میرا یقین ہے کہ پاکستان اور کرپٹ حکمران ٹولہ اب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اور انشاءاللہ پاکستان کو قائم و دائم رہنا ہے۔ پنجاب کے عوام اور پنجاب کے اراکین اسمبلی خوب جانتے ہیں کہ پنجاب کی تقسیم اور لسانی نفرتیں پیدا کرنے کا نعرہ کیوں لگایا گیا یہ ملکی بقا سلامتی اور یکجہتی پر اثراز ہونے کی منظم کوشش تھی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ عوام کے ردعمل نے انہیں پتھر چاٹنے پر مجبور کیا۔
شہبازشریف/ نوائے وقت
لاہور (جی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پسماندہ و کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، ہم عوام کی ایک ایک پائی کے امین ہیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف طریقے سے تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ وہ منگل کو مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہاکہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی قیادت میں اس مشن کی تکمیل کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے سے جہالت و ناخواندگی کے اندھیروں اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
شہبازشریف/ ارکان اسمبلی