پاکستان اور تاجکستان کا زمینی‘ فضائی سفر کی بہتر سہولتوں کا نیٹ ورک قائم کرنے پر اتفاق

10 اگست 2011
دوشنبے (اے پی پی) پاکستان اور تاجکستان نے علاقائی تجارت کے فروغ اور عوامی رابطوں کو بڑھانے کیلئے زمینی اور فضائی سطح پر سفر کی بہتر سہولتوں کا نیٹ ورک قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر مواصلات ڈاکٹر ارباب عالمگیر نے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر ہائیکمو ونیزوم سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سڑک، ریل اور فضائی سفر کی نئی سہولتوں اور انفراسٹرکچر سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ تاجک اور پاکستانی عوام کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہونا چاہیے تاکہ خطے میں تجارت، سیاحت اور دیگر امور کو بہتر طریقہ سے آگے بڑھایا جا سکے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر پلاننگ صابر حسین بھی تاجکستان کے دورے میں وفاقی وزیر کے ہمراہ ہیں۔ ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے فوری طور پر قائم ہونے چاہئیںجبکہ خطے میں دونوں ممالک کے درمیان زمینی رابطے سٹریٹجک اہمیت کے حامل ہونگے۔ ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان زمینی رابطوں کے حوالے سے کام شروع ہونا چاہیے اور زمینی روٹ سے متعلق فریم ورک بھی قائم کیا جانا چاہیے۔ اپنے دورہ کے دوران وفاقی وزیر تاجکستان کے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان / تاجکستان