برف پگھل گئی‘ شریف برادران اور چودھری نثار کے درمیان سردمہری ختم

10 اگست 2011
اسلام آباد (محمد نواز رضا / وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان اور شریف برادران کے درمیان پائی جانے والی سردمہری گرمجوشی میں تبدیل ہو گئی ہے‘ دونوں اطراف سے برف پگھل گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان 13 اگست 2011ءکو ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ چودھری نثار علی ان کے لندن میں قیام کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ملاقاتیں ہوئی ہیں تاہم ان سے بحریہ ٹا¶ن کے سربراہ ملک ریاض کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملک ریاض کی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ چودھری نثار علی خان ہفتہ سے بھرپور انداز میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ وہ آئندہ ہفتے اپنے دونوں حلقہ ہائے انتخاب این اے 52 اور 53 کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان‘ شریف برادران سے ناراضگی کے حوالے سے بھی صورتحال کی وضاحت کریں گے۔ قومی اسمبلی کے 2 اجلاس ان کی عدم موجودگی میں منعقد ہوئے ہیں۔ وہ پارٹی قیادت سے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے عام طور پر اپنے فرائض کی ادائیگی سے معذوری کا اظہار نہیں کریں گے بلکہ پارٹی قیادت نے انہیں ملکی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرنے پر آمادہ کر لیا ہے۔
برف پگھل گئی