صوبوں کی لسانی بنیادوں پر تقسیم درست نہیں۔ تاہم ہم انتظامی تقسیم کے خلاف نہیں۔ شہباز شریف

10 اگست 2011 (04:21)
نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کی وجہ سے وہ کرپٹ ٹولے کو کھٹک رہے ہیں اوران پراثر انداز ہونے کیلئے پنجاب کی تقسیم کی بات کی جارہی ہے،ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ صوبوں کی لسانی بنیادوں پر تقسیم درست نہیں ہوگی تاہم وہ انتظامی تقسیم کے خلاف نہیں، شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی اورسسٹم کی بدنامی کی وجہ کرپٹ حکمران ٹولہ ہے۔حکمرانوں کی دلچسپی ملکی وسائل لوٹنےاوردولت باہر منتقل کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد دیانت ، کرپٹ اور نااہل قیادت نے وسائل سے مالا مال ملک کو کنگال اور عوام کو بے حال کردیا ہے، اس سے قبل ایوان وزیر اعلی میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صوبے سے بے روز گاری کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ییلو کیب سکیم، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور دور درازعلاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس کی فراہمی اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تمام اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں میں اشیاء صرف کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔