اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بیرک گولڈ کمپنی کے صدر مارک بیرسٹو نے کہا ہے کہ ریکوڈک سے 70 ارب ڈالر تک کا سونا نکالا جاسکتا ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کمپنی سعودی عرب اور امریکہ سمیت دنیا بھر سے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا ڈھائی کروڑ اونس سونے اور ڈیڑھ کروڑ ٹن تانبے کے ذخائر ہیں۔ ریکوڈک دنیا کے دس بڑے ذخائر میں سے ہو گا۔ اس کے بعد بھی قابل ذکر ذخائر موجود ہیں اس کیلئے ہم ڈرلنگ کر رہے ہیں۔ 2026 ء سے مائننگ کا آغاز کریں گے۔ اس سال کے آخر تک ہم 8 ہزار افراد کیلئے رہائش تعمیر کر لیں گے۔ اگلے سال کے آخر تک تعمیرات مکمل ہو جائیں گے۔ ارادہ یہی ہے کہ 2028 ء تک ہم سونے اور تانبے کا پہلا فیز نکال لیں۔ بلوچستان پاکستان کیلئے بہت بڑا موقع ہے۔ بلوچستان کے لوگ منصوبے سے مستفید ہوں سیکں گے۔ ہم نے صاف پانی پر سرمایہ کاری کی پانچ سوسے زائد بچوں کو سکول بھیجا ہے جن میں 50 فیصد لڑکے اور 50 فیصد لڑکیاں ہیں۔ اگلے ماہ 300 مقامی لوگوں کو روزگار دیں گے۔ اس علاقے میں اگر آپ حکومت کے ساتھ کام نہیں کر رہے تو پھر آپ سمگلر ہیں۔ ہمیں یہاں سکیورٹی کا چیلنج ہے تاہم سکیورٹی ہر دم موجود اور تیار رہتی ہے۔ ہم نے دنیا کے بڑے پلیئرز کو مائننگ کی دعوت دی ہے یہ میرے لئے خوشی کا باعث ہو گا۔ ماحولیاتی تناظر میں مائننگ کر رہے ہیں۔
ریکوڈک سے 70 ارب ڈالر تک کا سونا نکالا جا سکتا ہے: صدر بیرک گولڈ
Apr 10, 2025