لاہور (لیڈی رپورٹر+نیوز رپورٹر) ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ سکول ایجوکیشن اور ہائیر ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کردیا۔ صوبے بھر کے کمشنر و ڈپٹی کمشنرز کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ محکموں کو مراسلہ جاری کیا۔ مراسلہ میں ہدایات جاری کی گئیں کہ سکولوں کے اوقات کار میں ردوبدل اور زیادہ گرمی کی صورت میں جلد موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا جائے۔ سکول اور کالجز میں بلا تعطل صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایات پر ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے اہم اجلاس ہوا۔ سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور و ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے پنجاب، محکمہ زراعت، ایریگیشن، جنگلات، فشریز، وائلڈ لائف، ٹرانسپورٹ، ہیلتھ، اور محکمہ تعلیم کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کمشنر و ڈپٹی کمشنرز بہاولپور ڈویژن اور ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہیٹ ویو اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہیٹ ویو کا خطرہ‘ مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس،سکولوں کو مراسلہ
Apr 10, 2025