بیساکھی میلہ، خالصہ جنم دن تقریبات، بھارتی  سکھ یاتری آج پاکستان پہنچیں گے 

Apr 10, 2025

لاہور،حسن ابدال (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) بیساکھی میلہ اور326 ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ چیک پوسٹ کے راستے آج 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔ واہگہ بارڈر آمد پر  پردھان گودوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن  سیف اللہ کھوکھر، اعلی حکام سمیت دیگر سکھ رہنما یاتریوں کا استقبال کریں گے۔  حکومت نے طے شدہ معاہدہ کے برعکس خصوصی طور پر 6751 یاتریوں کو ویزا جاری کیا ہے۔ یاتریوں کے لیے رہائش اور ٹرانسپورٹ، میڈیکل کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سمیت دیگر کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔ رواں برس  بھارتی یاتریوں کی تعداد  زیادہ ہونے کے باعث جتھہ کو دوگرپوں  میں تقسیم کیا گیا ہے۔  پہلا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گا۔  دوسرے گروپ کو سخت سکیورٹی میں گورو دوارہ دریار صاحب کرتار پور روانہ کیا جائے گا۔ 12 اپریل کو دونوں گروپ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ 13 اپریل کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آ باد کی یاترا کرنے کے بعد واپس ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 14 اپریل کو وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی۔ بھارتی یاتری ایک روز لاہور میں قیام کے بعد دورہ پاکستان مکمل ہونے پر 19 اپریل کو بھارت واپس روانہ ہوں گے۔

مزیدخبریں