احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مالی معاونت کی فراہمی میرٹ کی بنیاد پرکی جائےگی:وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو یقین دلایا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت غریب مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر شفاف اور غیرسیاسی انداز میں کی جائے گی۔
جمعہ کی شام اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹیلی تھون پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن سے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور پاکستان اس وبا سے محفوظ نہیں ہے۔وزیراعظم نے خدشہ ظاہر کیا کہ کورونا وائرس کے مریضوں میں مزید اضافہ ہو گا اور آنے والے دنوں میں ہسپتالوں کو شدید دبائو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عمران خان نے شہریوں سے کہاکہ وہ کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے مناسب دیکھ بھال اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔حکومت آئندہ چند دنوں میں ایک ویب سائٹ کا آغاز کرے گی جہاں مخیر حضرات نادار طبقے کیلئے مالی امداد فراہم کرسکیں گے۔عمران خان نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کی مربوط اور مشترکہ کوششوں سے کورونا وائرس وباء کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرے گا ۔
انہوں نے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے کورونا وائرس کی وجہ سے کیے جانے والے لاک ڈاؤن سے متاثرہ آبادی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے آٹھ سو ارب کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے یقین دلایاکہ حکومت مختلف ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج میں مصروف ہراول دستے کا کردارادا کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کوہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔
عمران خان نے کہاکہ وزیراعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں اندراج کرانے والے ڈاکٹروں اور معاون طبی عملے کی خدمات کورونا وائرس کے اثرارت کم کرنے کیلئے حاصل کی جائیں گی۔