وہاڑی : تحصیل کونسل کے افسران کی دیدہ دلیری‘ لاکھوں کے ٹینڈر جاری کر دئیے
وہاڑی (نامہ نگار) ملک میں کورونا وائرس کے باعث حکومت نے لاک ڈاؤن کر کے ہر قسم کی فنانسنگ اور ٹینڈرنگ پر پابندی لگا رکھی ہے اور سرکاری دفاتر میں بھی دفعہ 144کے تحت لوگوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہوئی ہے لیکن تحصیل کونسل وہاڑی کے افسران نے حکومتی پابندیوں کی کوئی پرواہ نہ کرتے ہوئے ماہ مارچ اوراپریل میں لاکھوں روپے مالیت کے کئی ٹینڈر جاری کر دیئے جن میں متعدد ٹینڈر پول کر کے حکومت کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا اور کئی من پسند فرموں کو بھاری کمیشن اور کک بیکس لیکر الاٹ کئے گئے ہیں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ٹینڈ کا قانونی پراسس بھی مکمل نہیں کیا گیا بلکہ جنوری میں الاٹ کئے گئے تعمیراتی کاموں کے ٹی ایس تخمینہ جات میں بھی مبینہ طور پر ردو بدل کیا جا رہا ہے یہ پریکٹس بھی عام ہے کہ کام پہلے مکمل کیا جاتا ہے اور ٹینڈر بعد میں جاری کیا جاتا ہے اس کے علاوہ بد نیتی کے تحت معمولی سی کم مالیت ظاہر کر کے ٹینڈر کی اخبارات میں اشاعت روک لی جاتی ہے اور صرف پیپرا ویب سائیٹ پر جاری کر کے من مانی کی جاتی ہے جس پر شہریوں محمد حنیف، عبدالرشید، عرفان علی و دیگر نے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔