وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور روانہ ہوں گے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبائی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات، متاثرہ کیسز اور اموات سمیت دیگر تفصیلات پر مشتمل بریفنگ دی جائے گی۔
پشاور میں وزیرِ اعظم عمران خان حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کریں گے اور ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
وفاقی حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق افراد کو راشن فراہم کرنے کیلئے ملک بھر میں ہزاروں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم پشاور میں قائم ایک سنٹر کا دورہ بھی کریں گے۔
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین کیلئے قائم سینٹر کے دورے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان سنٹر میں عوام کو دی جانے والی امداد کا جائزہ لیں گے۔
گذشتہ روز کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے قوم پر زور دیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دے کیونکہ یہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے بلوچستان کے دورے کا مقصد صوبے کے پسماندہ ترین عوام کے مسائل سننا اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے،ہم یہاں اس لئے آئے ہیں کہ لاک ڈاؤن میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے بلوجستان حکومت کی مکمل معاونت کر سکیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ کے دیہی علاقوں میں وزیرِ اعظم عمران خان کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے نام پر 500 روپے فی خاندان رشوت لینے کا انکشاف ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا کہ غریب طبقے کو بھی مشکل حالات میں سندھ کی انتظامیہ نے نہیں بخشا۔