نوعیت (تحقیقی و تنقیدی مضامین)
اشفاق احمد ورک اعلیٰ استعدادوں سے متصف تخلیقی آدمی ہیں۔حال ہی میں اشفاق احمد ورک نے اپنے تنقیدی مضامیں کا نیالہ مجموعہ: ’’نوعیت‘‘ کے منفرد اور مفرد نام سے اپنے قاری کی نذر کیا ہے۔ سترہ اکائیوں کی پیش کار یہ ادبی دستاویز اپنی موضوعاتی بوقلمونی کے باعث کشش کا سامان فراہم کرتی ہے!! مذکورہ مجموعے کا معتدبہ حصہ عملی تنقید کا مظہر ہے اور تاثریت کے رجحان کو غالب رکھتا ہے لیکن نقاد نے شعوری کوشش کے ساتھ تجزیے کے اساسی جوہر کونہ صرف فعال و بحال رکھا بلکہ معروضیت کے برابر اہتمام سے اپنے بیانیوں کو ضعف نہیں پہنچنے دیا۔ انہوں نے کہیں بھی اپنے نقطہ نظر کو ہوا میں معلق نہیں ہونے دیا۔ ان کا اظہار و بیان پرکرشماتی قوت رکھتا ہے۔ وہ بات سے بات برآمد کرنے کے ہنر میں وہ مثالی ہیں، بادی النظر میں یہ خوبی ان کی مزاح نگاری کی عطا ہے ۔ خوبصورت سرورق اور 208 صفحات پر مشتمل اس تنقیدی مجموعہ کی قیمت 400/- روپے ہے جسے علم و عرفان پبلشرز -40 الحمد مارکیٹ، غزنی سٹریٹ، اردو بازار لاہور نے شائع کیا ہے۔ (تبصرہ: سلیم اختر)