قائداعظم ٹرافی، راولپنڈی، اسلام آباد میں میچز کا پہلا دن بارش کی نذر
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی گریڈ II- کرکٹ چیمپئن شپ کے چوتھے راؤنڈ کے میچز میں راولپنڈی اسلام آباد میں ہونے والے پول ’’سی‘‘ کے میچز کا پہلا روز بارش کی وجہ سے ضائع ہونے کے بعد پیر کو تین گراؤنڈز پر کھیل کا آغاز ہوا۔ مرغزاز کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں دوسرے روز بھی بیشتر وقت وکٹ سازگار نہ ہونے کے باعث ضائع ہوگیا اور صرف 39 اوورز کا کھیل ممکن ہوا۔ جس میں پی آئی اے نے بغیر کسی نقصان کے 134 رنز بنالیئے۔ شہزاد محمود 10چوکوں کی مدد سے 73 رنز اور طاہر عباس 55 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں او جی ڈی سی ایل نے سی ڈی اے کی پہلی اننگز 285 آل آؤٹ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنالیے۔ او جی ڈی سی ایل کے محمد ارحم نے 89 رنز کے عوض چار جبکہ رانا شہزاد اعظم نے 60رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ زرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ نے پہلی اننگز میں 259 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ہونے پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ شکیل انصر نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 123 رنز بنا کر سنچری مکمل کی اور ناٹ آؤٹ رہے دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں سعد اﷲ نے 2(13 چوکے) اور محمد عامر نے 60رنز ناٹ آؤٹ (تین چوکے، دو چھکے) بنائے۔