ممتاز مصنف ڈاکٹر عبدالواجد تبسم کی تصنیف ’’اردو غزل میں ہندی عناصر‘‘ کی تقریب رونمائی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام چار روزہ قومی کتاب میلہ کے موقع پر ممتاز مصنف ڈاکٹر عبدالواجد تبسم کی تصنیف ’’اردو غزل میں ہندی عناصر‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔ اس کتاب میں ہندوستان کی تہذیب و تمدن کے خدوخال اور اردو غزل پر آغاز سے 20ویں صدی تک اثرانداز ہونے والے ہندی عناصر کا جائزہ لیا گیا ہے۔ کتاب کی تقریب رونمائی کی صدارت پروفیسر فتح محمد ملک نے کی۔ یہ کتاب 5 ابواب پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کو نیشنل بک فائونڈیشن نے شائع کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد سیال نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالواجد تبسم نے اس تصنیف میں غزل کے ہندی عناصر کے ساتھ ساتھ اساطیر ‘ زبان‘ ثقافت اور تہذیب و تمدن کو کھوجنے کی کوشش کی ہے۔ تقریب کے صدر پروفیسر فتح محمد ملک نے مصنف کی اس کوشش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اردو غزل کو اب تک ہند اسلامی کے تناظر میں دیکھا جاتا رہا ہے اور اب اس کتاب میں ہندی عناصر کی جانب توجہ دی گئی ہے۔ نہایت شرح وسط کے ساتھ مستند حوالوں سے واضح کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالواجد تبسم نے کہا کہ انہوں نے اردو غزل کے متعلق تمام بحث کو سمیٹنے کی حتی المقدور کوشش کی ہے اور اپنے نکتہ نظر کی وضاحت کے لئے مستند محققین کی آراء سے استفادہ کیا ہے۔ کتابیات کی فہرست سے اس کی بخوبی وضاحت ہو جاتی ہے۔ تقریب کے دوران ممتاز صحافی سعدیہ کمال نے مذکورہ تصنیف سے متعلق اپنی آراء پیش کی۔ تقریب کے دوران ممتاز مصنفین حمید شاہد‘ ناصر علی سید‘ سعد اللہ شاہ اور ڈاکٹر منظور علی ویسریو سمیت بڑی تعداد میں مصنفین ‘ ادیبوں اور شعراء کرام بھی موجود تھے۔