ہماری تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے،ملازمین پنجاب ہاؤس
اسلام آباد (سٹی رپورٹر) پنجاب ہائوس کے ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ چوبیس گھنٹے متواتر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں حتیٰ کہ عیدالفطر، عیدالضحیٰ، محرم الحرام، اتوار و دیگر تمام سرکاری چھٹیوں کے دوران بھی کام کرتے ہیں تا کہ پنجاب ہائوس میں آنے والےمہمانوں کو بہتر سہولیات اور پروٹوکول فراہم کر سکیں اور ہائوس کی عزت و وقار میںبغیر کسی شکایت کے اضافہ کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب ہائوس ریڈ زون میں واقع ہے اور خصوصاً اسلام آباد میں مہنگائی خاصی زیادہ ہے۔زیادہ تر ملازمین کے پاس اپنی کنوینس کی سہولت نہیں ہے جبکہ ریڈزون میں کسی ٹیکسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہے۔اگر پرائیویٹ ٹیکسی کا خرچہ برداشت کر کے نوکری تک پہنچا بھی جائے تو ٹیکسی سے اتر کر کافی دور تک پیدل آنا پڑا ہے۔جبکہ روز روز ٹیکسی کا اضافہ خرچہ بھی برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ اکثریت سٹاف کی تنخواہ اوسطاً 16 ہزار سے 19 ہزار کے درمیان ہے اور سپیشل الائونس، یوٹیلیٹی الائونس سمیت کسی قسم کا کوئی الائونس نہیں ملتا۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم انھیں کوئی الائونس ہی دے دیا جائے تا کہ وہ بہتر انداز سے اپنی زندگی گزار سکیں۔