پاکستان کے سوا کشمیر کا کوئی تشخص نہیں اور نہ ہی مستقبل ہے،صدر سردار مسعود خان
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے سوا کشمیر کا کوئی تشخص نہیں اور نہ ہی مستقبل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے نہتے کشمیریوں کے خلاف مہلک اور کیمیائی ہتھیار استعمال کئے گئے ہیں۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں پر بدترین مظالم اور قتل عام کا نوٹس لے کر اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہاار انہوں نے قومی کتاب میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے بھی اس موقع خطاب کیا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ گذشتہ ایام مقبوضہ کشمیر کے عوام پر قیامت بن کر گزرے ہیں۔ نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے۔ ہم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کشمیریوں کی جرأت، ہمت، استقامت اور ثابت قدمی پر سلامی پیش کرتے ہیں، کشمیریوں نے ظالم بھارت اور پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ان کے حوصلے کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ ظلم بڑھنے کے ساتھ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ مزید بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر دو طرفہ معاملہ نہیں، کشمیری اس کے اہم ترین فریق ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی بات سننا ہوگی۔ اقوام متحدہ اپنی منظور کردہ قراردادوں پر عمل کرائے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ یو این چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ عالمی برادری کشمیریوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کرے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت چین اور سی پیک راہداری کا راستہ نہیں روک سکتا۔ اس منصوبہ کو سبوتاژ نہیں کر سکتا۔ عالمی برادری دوہرا معیار ترک کے بھارتی ریاستی دہشت گردی کو رکوائے۔ انہوں نے سال میں دوسری مرتبہ یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا کشمیریوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔